بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

چیف آف نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ، نیشنل بینک فاتح

تیسرے چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کا انعقاد عبدالستار ایدھی انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔

تیسرے چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ میں 8 ٹاپ قومی ٹیموں نے ٹورنامنٹ کاٹائٹل حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کیا جن میں واپڈا ، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ ،نیشنل بینک آف پاکستان ،پاکستان نیوی ،پاکستان ائیر فورس ،پاکستان آرمی ، پنجاب اور پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کا فائنل واپڈا اور نیشنل بینک آف پاکستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، سخت مقابلے کے بعد نیشنل بینک آف پاکستان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا جبکہ واپڈا اور پاک بحریہ کی ٹیموں نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

نیشنل بینک آف پاکستان کو چیمپئن شپ جیتنے پر 1.7 ملین روپے کا نقد انعام ملا۔ واپڈا اورپاک بحریہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرکے 1.3 ملین اور 1 ملین روپے کی انعامی رقم حاصل کی۔نیشنل بینک آف پاکستان ٹیم کے دلبرنے مین آف دی ٹورنامنٹ کا ااعزاز حاصل کیا۔پاک بحریہ کی ٹیم کے محمد اقبال اورنیشنل بینک آف پاکستان کی ٹیم کے دلبر کو بہترین گول کیپر اور ٹورنامنٹ کا بہترین اسکورر قرار دیا گیا۔

21 تا 28 ستمبر 2021 تک منعقد ہونے والاسات روزہ ایونٹ 2016 کے بعد سے قومی سطح پربڑی انعامی رقم کا حامل ٹورنامنٹ بن چکا ہے۔ٹورنامنٹ میں 12 پول میچز کے بعد 2 سیمی فائنلز اور فائنل میچ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے پروفیشنل امپائرز کی زیر نگرانی کروائے گئے ۔4.2 ملین کی انعامی رقم کے ساتھ یہ ایونٹ ملک کا سب سے زیادہ انعامی رقم کاہاکی ٹورنامنٹ ہے۔ اس پر وقار ایونٹ میں ملک کے 128 سے زائد پرجوش کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

اپنے اختتامی کلمات میں مہمان خصوصی نے فاتح ٹیموں کو مبارک باد پیش کی اور پیٹرن پاکستان نیوی ہاکی، کمانڈر کراچی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسپانسرز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے قومی کھیل میں عوام کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا اور ملک میں ہاکی کے کھیل کی تجدید ہوسکے گی۔ نیول چیف نے ملک میں کھیلوں کے فروغ بالخصوص تیسرے چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کی تشہیر کیلئے میڈیا کے کردار کو سراہا۔ امیرالبحر نے اُمید ظاہر کی کہ قومی اور نجی ادارے بھی قومی کھیل کے فروغ میں بھر پور کردار ادا کریںگے۔

تقریب میں سول ، ملٹری معززین اور سابقہ اولمپیئنز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Back to top button