بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

بہت سے ممالک کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی ویکسین کا مسئلہ تھا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے گئے۔ذرائع کے مطابق آپریشنل وجوہات کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ 20 میچز جو ابوظبی میں شیڈول تھے انہیں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک تو فرنچائزز کی مالی مشکلات کا معاملہ تھا اور دوسرا کورونا ویکیسن کا ایشو تھا، پاکستانی کھلاڑیوں کو تو ویکسین لگوا کر جانا تھا لیکن بہت سے ممالک کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی ویکسین کا مسئلہ تھا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 6 کے لیے متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن کی چھوٹ نہ مل سکی، وہاں کی گورنمنٹ نے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دی ہے۔کراچی میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کروانے کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی نے پی سی بی کو عید تک انتظار کرنے کو کہا تھا جب کہ فرنچائزز یو اے ای کا آپشن استعمال کرنا چاہتی تھیں جب کہ پی سی بی کے مطابق این سی او سی ایونٹ کا این او سی دینے کا تیار نہیں جس کے باعث کراچی کا آپشن تقریباً ختم ہوگیا ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل پلیئرز کی پاکستان سے شیڈولڈ روانگی پہلے ہی مؤخر ہوگئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے ٹیموں اور پلیئرز کو ایڈوائزری موصول ہوگئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو موصول پیغام میں کہا گیا کہ شیڈول کے مطابق 22 مئی کو روانگی نہیں ہوگی، کھلاڑی فی الحال قرنطینہ کیلئے ہوٹل چیک ان نہ کریں۔خیال رہے کہ پی ایس 6 میں 34 میچز کھیلے جانے تھے اور ابتدائی 14 میچز پاکستان میں کھیلے جاچکے ہیں، ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔

Back to top button