
ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے درست سمت میں گامزن ہیں، عائشہ ظفر
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی عائشہ ظفر نے کہا ہے کہ ٹیم کی ورلڈ کپ کے لیے تیاریاں گزشتہ چھ ماہ سے جاری ہیں اور قومی ٹیم درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی ہے اور کھلاڑی ہر میچ میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز سے ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور میچز میں حکمت عملی پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا گیا۔
عائشہ ظفر نے کہا کہ پوری ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور یہی تسلسل ورلڈ کپ میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز سے ٹیم کو وہاں کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کا اچھا موقع ملے گا، جو ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کا گروپ سخت ہے کیونکہ بین الاقوامی سطح پر ہر ٹیم سخت مقابلہ کرتی ہے، تاہم قومی ٹیم مرحلہ وار حکمت عملی کے تحت ہر میچ پر بھرپور توجہ دے گی۔
اپنی فارم کے حوالے سے عائشہ ظفر نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف کھیل کر ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے اور ٹیم بے خوف اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عائشہ ظفر نے نوجوان کھلاڑیوں ایمان فاطمہ اور گل فیروزہ کی جارحانہ بیٹنگ کی بھی تعریف کی۔















