بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے ہوگا، ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 30 مئی سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے 2 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جبکہ تیسرا اور آخری میچ 4 جون کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ تمام میچز شام 4:30 بجے پاکستان وقت کے مطابق شروع ہوں گے۔پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی ہے۔

پاکستان ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی جوش انگلس کے سپرد ہوگی۔ راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے پاکستان کی تاریخ کا ایک ہزارواں ون ڈے میچ ہوگا، جو قومی کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان نے اپنا پہلا ون ڈے میچ 1973 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلا تھا۔ قومی ٹیم اب تک 999 ون ڈے میچز کھیل چکی ہے جن میں 527 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 442 میں شکست ہوئی۔ 9 میچ برابر رہے جبکہ 21 میچز کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 111 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں آسٹریلیا نے 71 جبکہ پاکستان نے 36 میچز جیتے۔ تین میچز بے نتیجہ رہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف آخری دو باہمی ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھیں۔ 2022 میں آسٹریلیا نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں میزبان ٹیم نے سیریز جیتی، جبکہ نومبر 2024 میں پاکستان نے آسٹریلیا میں بھی 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سیریز سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے ہزارویں ون ڈے میچ کا موقع قومی کرکٹ کے لیے بہت خاص ہے اور ٹیم آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کے ذریعے اس لمحے کو یادگار بنانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہمیشہ دلچسپ رہے ہیں۔ شاہین آفریدی کے مطابق ٹیم نے سیریز کی بھرپور تیاری کی ہے اور تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرجوش ہیں۔

پی سی بی پہلی بار میچز کو اپنی او ٹی ٹی پلیٹ فارم “PCB Live” پر پاکستان میں براہِ راست نشر کرے گا جبکہ پی ٹی وی اسپورٹس بھی میچز نشر کرے گا۔

کمنٹری پینل میں عامر سہیل، رمیز راجہ، بازید خان، عروج ممتاز اور آسٹریلیا کے سابق کرکٹر گریگ بلیویٹ شامل ہوں گے جبکہ زینب عباس پری اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کریں گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button