
کھیل
پشاور سے سکردو 800 کلومیٹر نان اسٹاپ دوڑ، نوجوان ایتھلیٹ مسعود خان نے عالمی ریکار ڈ اپنے نام کر لیا
پاکستان کے نوجوان ایتھلیٹ مسعود خان نے پشاور سے سکردو تک مسلسل دوڑ لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔مسعود خان نے یہ منفرد اور دشوار چیلنج صرف نو روز میں مکمل کیا، جس کے دوران انہوں نے آٹھ سو کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کیا۔
اس تاریخی سفر کے دوران مسعود خان نے قراقرم ہائی وے کے دشوار گزار پہاڑی راستوں، دریائے سندھ کے کناروں اور گلگت بلتستان کی خوبصورت وادیوں سے گزرتے ہوئے اپنی دوڑ جاری رکھی۔مسعود خان پاکستان میں روس، جاپان، چین سمیت مختلف ممالک کے ایتھلیٹس کے مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں اور متعدد میڈلز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے پشاور سے سکردو تک طویل دوڑ کو اپنی نوعیت کا منفرد اور پہلا کارنامہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ آٹھ سو کلومیٹر کا ہدف حاصل کرنا نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے۔















