بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

زمبابوے کیخلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے،عابدعلی، عمران بٹ

پاکستان کے ٹیسٹ اوپنرز عابد علی اور عمران بٹ کا کہنا ہے کہ ان دنوں وہ بھرپور محنت کر رہے ہیں اور اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں اوپنرز کی جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی لیکن اس کے باوجود ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے دونوں اوپنرز کو زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا۔

عابد علی اور عمران بٹ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ٹریننگ کیمپ میں شریک ہیں جہاں وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے عابد علی کا کہنا ہے کہ ٹریننگ کیمپ بہت اچھا جا رہا ہے، این ایچ پی سی کے کوچز بہت مدد کر رہے ہیں، دو روز کا پریکٹس میچ بھی کھیلا، خود کو کنڈیشنز کا عادی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی، اب زمبابوے میں بھی تسلسل برقرار رکھیں گے، ہماری کوشش ہو گی کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

نوجوان اوپنر عمران بٹ کہتے ہیں کہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری اچھی جا رہی ہے، بولرز اور بیٹسمین کیمپ میں خوب محنت کر رہے ہیں، دورے کی ضرورت کے مطابق کھلاڑی انفرادی طور پر بھی کوچز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے فیلڈنگ کوچ عتیق الزمان کہتے ہیں کہ کھلاڑی پرجوش طریقے سے ٹریننگ میں مصروف ہیں، کھلاڑی روزے رکھ کر بھی ٹریننگ کر رہے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ کھلاڑیوں نے پلان کے مطابق پریکٹس میچز کھیلے جبکہ فیلڈنگ کے شعبے میں زیادہ تر بنیادی چیزوں پر ہی فوکس کیا۔

Back to top button