بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ہند و پاک سندھ طاس کمشنروں کا 2روزہ اجلاس اختتام پذیر

بھارت اور پاکستان کے مابین سندھ طاس معاہدے کے تحت دو روزہ اجلاس گذشتہ روز یہاں اختتام پذیر ہوا۔ اسلام آباد نے جموں و کشمیر میں پکل ڈول اور لوئر کلنائی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائنوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے دوران پاکستانی نمائندوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔  

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے آرٹیکل 370 کی خصوصی دفعات کو کالعدم قرار دینے کے بعد بھارت کی طرف سے منظور کردہ لداخ میں پن بجلی منصوبوں کے بارے میں اضافی معلومات بھی طلب کیں۔ ہندوستان نے پکل ڈول اور لوئر کلنائی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائنوں پر اپنے موقف کو جواز پیش کیا۔ یہ اجلاس دو سال کے وقفے کے بعد منعقد ہوا۔ آخری اجلاس اگست 2018 میں لاہور میں ہوا تھا۔

ہندوستانی وفد کی قیادت انڈس کمشنر پی کے سکسینہ کررہے تھے ، اور ان کی ٹیم میں سنٹرل واٹر کمیشن ، سنٹرل بجلی اتھارٹی اور نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن کے عہدیدار شامل تھے۔

پاکستانی وفد کی قیادت اس کے انڈس کمشنر سید محمد مہر علی شاہ کر رہے تھے۔ یہ وفد پیر کی شام یہاں پہنچا۔

دریائے سندھ اور اس کی معاون دریاوں کا پانی ہندوستان اور پاکستان کے لئے بہت اہم ہے اور یہ دونوں ممالک کے لاکھوں لوگوں کے لئے زندگی ہے۔ اس سال کی میٹنگ دونوں کمشنروں کے مابین اگست 2019 کے بعد آئین کے آرٹیکل 370 کی شقوں کو کالعدم قرار دینے کے بعد پہلی بار ہوئی۔ اس اجلاس کوبھی اہمیت کا حامل سمجھا  جارہا ہے کیونکہ دونوں ممالک کی  فوجی کمانڈروں نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کی سختی کیساتھ پابندی کریں گے۔ 2019 میں، ریاست جموں و کشمیر کو  لداخ اور جموں و کشمیر میں تقسیم کیا گیا تھا۔ اس کے بعد بھارتی حکومت نے اس خطے کے لئے کئی پن بجلی منصوبوں کو منظوری دے دی۔ چِلنگ(  24 میگاواٹ) ، رونگڈو(  12 میگاواٹ)اور رتن ناگ (10.5 میگاواٹ) میں پن بجلی منصوبے لیہہ میں ہیں۔ جبکہ منگدم سنگرا (19 میگاواٹ) ، کارگل ہنڈرمین(  25 میگاواٹ)اور تماشا(  12 میگاواٹ)کرگل میں ہیں۔لیہہ اور کرگل دونوں ہی لداخ میں پڑتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ان منصوبوں سے متعلق معلومات طلب کی ہیں۔ انڈس واٹرس ٹریٹی کے تحت  دونوں کمشنروں کو سال میں کم از کم ایک بار ، باری باری ہندوستان اور پاکستان میں ملنا ہوتا ہے۔ پچھلے سال مارچ میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والا اجلاس منسوخ کردیا گیا تھا۔

Back to top button