بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو معاشی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے اصلاحات اور قومی اتحاد پر زور

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی سفارتی اور تزویراتی کامیابیوں کو معاشی ترقی اور خوشحالی میں تبدیل کرنے کیلئے مسلسل کوششوں، بنیادی اصلاحات اور قومی اتحاد پر زور دیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں خصوصاً سینتالیس سال بعد امریکہ اور ایران کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں کو اُجاگر کیا۔

وزیراعظم نے اس سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کاوشوں اور تعاون کو بھرپور سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ اور خلیجی ممالک، خصوصاً سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔

وزیراعظم نے گزشتہ سال ریاض میں سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے دفاعی معاہدے اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی دفاعی تعاون کو بھی اجاگر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی دوسرے ممالک کیساتھ شراکت داری علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے ہے اور یہ کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہیں۔

انہوں نے معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس مختصر تنازعے میں بھارت کو منہ توڑجواب دیا۔

معیشت کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عسکری قیادت کے بھرپور تعاون سے بدعنوانی اور ٹیکس چوری کے خاتمے کیلئے خصوصاً فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں بنیادی اصلاحات کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے مالی سال 26-2025 کے دوران موثر اقدامات کے ذریعے نو سو ارب روپے وصول کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات میں آٹھ فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی برآمدات چار ارب ساٹھ کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button