
احسن اقبال کا جامعات اور صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون قائم کرنے پر زور
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جامعات اور صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے اور خواتین انجینئرز کو مکمل مواقع فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔
وہ آج لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کی تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے فارغ التحصیل انجینئرز پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی معاشی تبدیلی میں کلیدی کردار ادا کریں۔
احسن اقبال نے نوجوان انجینئرز کو ’’جنریشن 47 ٹو پوائنٹ زیرو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ نسل ہے جسے 2047 میں پاکستان کے قیام کی صد سالہ تقریبات تک ملک کو ایک کامیاب مثال بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے ’’معرکۂ ترقی‘‘ کے مشن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مسابقتی مصنوعات اور جدید تکنیکی حل تیار کرنے، انہیں مقامی سطح پر بنانے اور عالمی منڈیوں میں برآمد کرنے کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے۔















