بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا تاریخی خلائی سفر، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن روانگی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ستاروں سے آگے کے سفر پر گامزن ہوچکا ہے، یہ محض ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، نوجوان نسل، سائنس دانوں اور ان کے خوابوں کا سفر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ذیشان علی اور خرم داؤد دونوں نے چین میں غیرمعمولی محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے بعد پہلا ملک ہوگا جو اپنا خلا باز تیانگونگ خلائی اسٹیشن بھیجے گا، یہ کامیابی پاکستان اور چین کی فولادی دوستی کا عملی مظہر ہے۔

وزیراعظم نے اس تاریخی مشن میں پاکستان کو شامل کرنے پر برادر ملک چین کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نہ صرف زمین پر امن اور باہمی ترقی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں بلکہ اب خلائی تحقیق کے میدان میں بھی ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہیں، جو دونوں ممالک کی دوستی کی گہرائی اور قربت کا عکاس ہے۔

وزیراعظم نے سپارکو، جامعات اور سائنس دانوں کی خدمات کو بھی سراہا، جن کے سائنسی تجربات اس مشن کے ذریعے خلا میں لے جائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج، قومی اداروں، سائنس دانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان خلائی تحقیق اور جدید علوم کے میدان میں نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

نوجوانوں کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل دوسرا پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خواب دیکھنا کبھی نہ چھوڑیں، مسلسل محنت کریں اور پاکستان پر اپنا اعتماد برقرار رکھیں، کیونکہ پاکستان کی منزل ستاروں سے آگے ہے۔

شہباز شریف نے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق نے بھی نوجوان نسل کو ستاروں سے آگے جہاں تلاش کرنے اور کائنات کے رازوں سے پردہ اٹھانے کی ترغیب دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس خواب کی تعبیر اللہ تعالیٰ کے حضور شکرگزاری کا باعث ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل سمجھتی ہے۔

انہوں نے اس مشن کو ایک نئے پاکستان کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا پاکستان جہاں کے نوجوان صرف دنیا کا مقابلہ ہی نہیں کریں گے بلکہ دنیا کی قیادت بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button