بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

میرٹ پر معیاری، جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وہ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی پاکستان کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کی بدولت ملک بھر اور پورے خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔

اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وزیراعظم کی مختلف ہدایات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی کی آسامیوں کیلئے اب تک 185 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایف ایس سی اور اےـلیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کو دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ورچوئل اسکول میں کامیاب طلبہ کیلئے 5 ماہ کے دورانیہ کی مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button