
نیشنل باسکٹ بال چیمپین شپ کاآغاز یکم دسمبر سے ہوگا
فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نیشنل مینز اور وویمنز باسکٹ بال چیمپین شپ کا آغاز کل (منگل) سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگا۔ فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اوج ظہور کے مطابق پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ پانچ روزہ ایونٹ میں مردوں کی چیمپئن شپ ٹاپ آٹھ ٹیمیں واپڈا، آرمی، ایئر فورس ، پی او ایف، پولیس، لاہور، راولپنڈی اور کراچی کوالیفائی کرنے کے بعد ایکشن میں دکھائی دیں گی جبکہ وویمنز ایونٹ میں واپڈا، نیوی، پولیس، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، ہزارہ، کراچی، ملتان اور کوئٹہ مدمقابل ہوں گی انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور کراچی نے انٹر ڈویژن قومی باسکٹ بال چیمپئن شپ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرکے قومی چیمپئن شپ میں جگہ بنائی۔ اوج ظہور نے بتایا کہ چیمپین شپ کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ چیمپین شپ کے سیمی فائنل چار دسمبر جبکہ فائنل پانچ دسمبر کو کھیلا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ باسکٹ بال کے فروغ اور مردوں اور خواتین کے کھیل کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن پرعزم ہے۔














