
کل جماعتی حریت کانفرنس کے عظیم رہنما شہید محمد اشرف صحرائی کی چوتھی برسی پر ان کو اور ان کے خاندان کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا
اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کی شعبہ خواتین دختران ملت اسلامیہ جموں کشمیر کی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر انشرہ انقلابی نے کل جماعتی حریت کے عظیم رہنما شہید محمد اشرف صحرائی کی چوتھی برسی کے موقعہ پر انہیں اور ان کے خاندان کی اسلامی تحریک آزادی جموں کشمیر کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
دختران ملت اسلامیہ جموں کشمیر کی ناظم اعلیٰ نے کہا ہے کہ شہید محمد اشرف صحرائی اسلامی تحریک آزادی جموں کشمیر کے بے باک اعلیٰ دینی، سیاسی اور سماجی بصیرت اور جہد مسلسل سے عبارت شخصيت کے مالک تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اسلامی تحریک آزادی جموں کشمیر کے لیے وقف کر دی، ان کا ایمان محکم، یقین محکم عمل پیہم یہی ہے جہاد زندگانی میں مردوں کی شمشیریں، عزم صمیم اور جدوجہد مسلسل رہی، انہوں نے نہ صرف خود مصائب جھیلے بلکہ اپنے نور نظر، جنید صحرائی سمیت اپنے خاندان کے کئی افراد کو اعلائیہ کلمتہ اللہ اور وطن عزیز کی آزادی برائے اسلام کی خاطر خندہ پیشانی سے قربان کیا، ایک باپ کے لیے اپنے جوان بیٹے کی قربانی ناقابل برداشت ہوتا ہے، لیکن شہید محمد اشرف صحرائی نے اس عظیم قربانی کو بھی صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کیا، جو ان کے پختہ ایمان محکم اور اسلامی تحریک آزادی جموں کشمیر کے ساتھ وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، شہید محمد اشرف صحرائی کی یہ بے مثال اور لازول قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی اور انہیں اسلامی تحریک حریت جموں کشمیر کی تاریخ میں سنہرے حروف سے یاد رکھا جائے گا۔
دختران ملت اسلامیہ جموں کشمیر کی ناظم اعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ شہید محمد اشرف صحرائی محض گفتار کے غازی نہیں تھے بلکہ وہ کردار کے بھی غازی تھے، ان کی پوری زندگی جدوجہد آزادی برائے اسلام جموں کشمیر کے لیے وقف رہی اور انہوں نے اپنی اصولی موقف پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، ظالم وجابر اور باطل قوتوں کے سامنے ان کا سر فخر سے ہمیشہ بلند رہا اور انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں بھی ہمیشہ مسکرا کر برداشت کیں، اسلامی تحریک آزادی جموں کشمیر میں ان کی دی جانے والی قربانیاں ہمارے لیے ایک روشن مثال ہیں جس سے ہم ہمیشہ رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے، ان کی فکر، علم و عمل اور ان کا فلسفہ اور ان کی قربانیاں اسلامی تحریک آزادی جموں کشمیر کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔
دختران ملت اسلامیہ جموں کشمیر کی ناظم اعلیٰ نے اپنی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محمد اشرف صحرائی سمیت 13 جولائی 1931ء سے لیکر آج تک تمام شہداء جموں کشمیر کی قربانیوں کو کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، ہم عہد کرتے ہیں کہ بھارت سے مکمل آزادی برائے اسلام تک ہماری مبنی بر حق حق خودارادیت کی جدوجہد ہر صورت جاری وساری رکھیں گے، جموں کشمیر کے عوام اپنی منزل کے حصول تک اپنی پرامن اور مبنی برحق حق خودارادیت کی جدوجہد آزادی برائے اسلام جاری وساری رکھنے کے لیے پر عزم ہیں، ظلم وجبر اور تشدد کے باوجود جموں کشمیر کے لوگوں کا حوصلہ پست نہیں ہوا ہے اور وہ اپنے شہداء جموں کشمیر کے خون کا قرض اور فرض ضرور چکائیں گے۔
دختران ملت اسلامیہ جموں کشمیر کی ناظم اعلیٰ نے عالمی برادری، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بلاجواز گرفتاریوں، گھروں کی مسماری، ماورائے عدالت قتل ،چادر اور چار دیواری کی پامالیوں اور ڈیموگرافی تبدیلیوں کا فوری نوٹس لیں، اور جموں کشمیر کے لوگوں کو ان کا ناقابل تنسیخ جو ان کا پیدائش اور بنیادی حق حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا موثر اور عملی کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن وسلامتی قائم ہو سکے، خاموشی اختیار کرنا ظالم وجبر اور تشدد کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے اور عالمی برادری کو اس ساری صورتحال کا ادراک کرنا چاہیے۔