بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

طلباء میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ سے ان کی مخفی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے، ملک شاکر بشیر اعوان

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ایکس ممبر نیشنل اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ طلباء میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ سے ان کی مخفی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن خوشاب کے زیراہتمام دینی مدارس کے طلباء کے مابین سپورٹس اور ادبی مقابلہ جات کے ونرزمیں تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس کی صدارت اے ڈی سی جی خوشاب احمد صہیب نے کی جبکہ دارالعلوم غوثیہ کے پرنسپل محمد رئیس احمد صدیقی نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیے ۔ اس موقع پر مقابلہ حسن قرات میں جامعہ رضویہ قمرالسلام خوشاب کے طالبعلم حافظ محمد ابوبکر نے اول ، جامعہ غوث الاعظم کے حافظ محمد اکرم نے دوم اور مدرستہ نعیمیہ ترتیل القرآن کے حفظ ممتازاسامہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ مقابلہ نعت خوانی میں مدرسہ سیدناالنساء حسن کے طالب علم محمد ذیشان حیدر نے پہلی پوزیشن، دارالعلوم محمدیہ غوثیہ شبیر کالونی کے حافظ محمد عمار یاسر نے دوسری اور مدرستہ النعیمیہ ترتیل القرآن خوشاب کے محمد ممتاز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اسی طرح دیگر مقابلہ جات میں بھی طلبا نے بھرپور حصہ لیا ۔ اس موقع پر مختلف مدارس کے طالب علموں پر مشتمل دو ٹیموں الاحسان کرکٹ ٹیم اور الکرم کرکٹ ٹیم کے درمیان کرکٹ کا دلچسپ اور شاندار مقابلہ ہوا ۔ جس میں الحسان کرکٹ ٹیم جوہرآباد فاتح قرار پائی۔ دوران تقریب سابق ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان، اےڈی سی جی احمد صہیب اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک حق نواز جوئیہ نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔ اے ڈی سی جی خوشاب نے دینی مدارس کے طالب علموں کے لیے حکومتی اقدامات کے متعلق تفصیل سے آگاہ دی۔ مدرسہ انتظامیہ کی جانب سے مہمان خصوصی ملک شاکر بشیر اعوان اور دیگر مہمانان گرامی کو دینی کتب کے تحفے بھی دیے گئے ۔ اس پروقار تقریب میں معروف سماجی شخصیات ایڈووکیٹ ملک زوارحسین کھارا اور سماجی امن خوشاب کے راہنما حاجی محمد فیاض زرگر نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیے  کورین حکومت کی طرف سے زراعت کے شعبے کے لیے تکنیکی اور مالی معاملات پر شکرگزار، ذوالفقار علی گورمانی
Back to top button