بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

کورونا میں مبتلا سونیا گاندھی کی حالت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی طبیعت کی خرابی پر اسپتال میں داخل ہوگئیں۔

کانگریس کے جنرل سیکرٹری رندیپ سنگھ سورجے والا کے مطابق سونیا گاندھی کی کورونا وائرس کی وجہ سے طبیعت خراب ہوئی ہے اور انہیں نئی دہلی کے گنگا رام اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

رندیپ سنگھ کا کہنا ہےکہ سونیا گاندھی خیریت سے ہیں اور فی الحال ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رہیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 75 سالہ سونیا گاندھی کا 2 جون کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

سونیا گاندھی کو منی لانڈرنگ کیس میں مالیاتی جرائم کی تحقیقات کرنے والے بھارتی ادارے  انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 23 جون کو طلب کر رکھا ہے۔

سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو تحقیقاتی ادارے نے 9 سال پرانی شکایت پر طلب کیا ہے جو ان کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک رہنما سبھرا مینن سوامی نے درج کرائی تھی۔

اس شکایت میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایک آف شور کمپنی کے ذریعے 30 کروڑ ڈالرز مالیت کی جائیدادوں پر غیرقانونی طور پر کنٹرول حاصل کیا تھا۔

Back to top button