بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سابق عالمی نمبر ون جرمن ٹینس کھلاڑی بورس بیکر دیوالیہ، جیتی ٹرافیاں تک نیلام

جرمنی کے سابق ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک کھلاڑی بورس بیکر کی ٹرافیاں قرض کی ادائیگی کے لیے نیلام کردی گئیں۔

 غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق لندن کی عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران بتایا کہ 54 سالہ  بورس کی ٹرافیاں 7 لاکھ برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 17 کروڑ روپے) میں  فروخت کی گئی ہیں۔

خیال رہےکہ 2017 میں برطانوی عدالت نے  قرض کی ادائیگی میں ناکامی پر سابق ٹینس اسٹار کو دیوالیہ قرار  دیا تھا، ان پر نجی بینک کا 35 لاکھ برطانوی پاؤنڈ  (تقریباً 75 کروڑ روپے) کا قرض واجب الادا ہے۔

بورس بیکر پر الزام تھا کہ دیوالیہ ہونے سے قبل اور بعد میں  انہوں نے اپنے اثاثے چھپائے تھے جب کہ عدالت نے انہیں اپنی 9 ٹرافیاں حوالےکرنےکا حکم دیا تھا جس میں  2 ومبلڈن سنگل کی ٹرافیاں اور ایک اولمپک کا گولڈ میڈل بھی شامل تھا۔

خیال رہےکہ کیریئر میں 6 گرینڈ سلیم جیتنے والے بورس بیکر کو اپنے دورکا عظیم کھلاڑی مانا جاتا ہے، انہیں 1985 سے 1996 کے دوران تین ومبلڈن سمیت مجموعی طور پر 6 گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز جیتنےکا اعزاز حاصل ہے۔

Back to top button