بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

مصر میں پہلی خاتون جج کا تقرر

مصری خاتون ردوا حلمی نے نئی تاریخ رقم کردی اور ان کا مصر کی اعلیٰ ترین عدالت اسٹیٹ کونسل کی پہلی خاتون جج کی حیثیت سے تقرر کردیا گیا ہے ۔

 رپورٹ کے مطابق ردوا حلمی مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے کیے گئے ایک فیصلے کے نتیجے میں مصر کے اہم عدالتی اداروں میں سے ایک اسٹیٹ کونسل میں گزشتہ سال عہدہ پانے والی 98 خواتین میں سے ایک ہیں۔

قومی کونسل برائے خواتین (این سی ڈبلیو) کی سربراہ مایا مرسی نے کہا کہ 5 مارچ مصری خواتین کے لیے ایک نیا تاریخی دن بن گیا ہے۔

یہ اقدام 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن سے پہلے کیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ آبادی والے عرب ملک مصر میں خواتین اپنے حقوق کے حصول کے لیے برسوں سے ایک مشکل جنگ لڑ رہی ہیں اور مصر میں سینکڑوں خواتین وکلا کی موجودگی کے باوجود ایک خاتون وکیل کو جج بننے میں کئی دہائیاں لگ گئیں۔

طہانی الجبالی پہلی خاتون تھیں جن کا 2003 میں مصر کی سپریم آئینی عدالت میں تقرر کیا گیا تھا، طہانی الجبالی 2012 میں اس وقت کے صدر محمد مرسی کی جانب سے ہٹائے جانے سے قبل ایک دہائی تک اس عہدے پر فائز رہیں۔

Back to top button