بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

دوسرا ٹی ٹوئنٹی،ویسٹ انڈیز کو شکست،پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 رنز سے فتح حاصل کرکے 3 میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میں بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 14 کے اسکور پر کپتان بابراعظم صرف 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

فخرزمان بھی مسلسل دوسرے میچ میں ناکام ہوئے اور 5 گیندوں پر 10 رنز بنا کر اکیل حسین کا نشانہ بنے۔

رضوان نے دو اہم کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور 86 رنز تک پہنچایا تھا کہ اسمتھ نے ان کی 38 رنز کی اننگز کا اختتام کردیا۔

حیدر علی اور افتخار احمد نے پاکستان کا اسکور 109 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ اسمتھ نے نوجوان بلے باز حیدر علی کو آؤٹ کردیا۔

نوجوان بلے باز نے 34 گیندوں کا سامنا کرکے 31 رنز بنائے تھے، جس میں 4 چوکے شامل تھے۔

آل راؤنڈر محمد نواز بھی صرف ایک رن کا اضافہ کرپائے اور 111 کے اسکور پر واش کو وکٹ دے گئے۔

آصف علی 7 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 17 ویں اوور میں 124 رنز تک پہنچ چکا تھا۔

افتخار احمد اور شاداب خان نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور ایک اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 141 رنز تک پہنچایا۔

افتخار احمد کی 19 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل تھے۔

شاداب خان نے محمد وسیم کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کی شراکت میں ٹیم کو ایک معقول ہدف تک پہنچایا تاہم وسیم 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں 172 رنز بنائے۔

شاداب خان ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ حارث رؤف کو بیٹنگ کا موقع نہیں مل سکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوڈیئن اسمتھ کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو گزشتہ میچ میں شان دار باؤلنگ کرنے والے محمد وسیم نے 17 کے اسکور پر شے ہوپ کی قیمتی وکٹ حاصل کرلی۔

شےہوپ 6 گیندوں پر صرف ایک رن بنا سکے۔

ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 31 رنز پر گری جب محمد نواز کی گیند پر شمار بروکس 10 رنز کی اننگز کھیل کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں کپتان نیکولس پوران نے برینڈن کنگ کے ساتھ مل کر اسکور 85 رنز تک پہنچایا اور 26 رنز کی اننگز کھیلی تاہم محمد نواز نے ان کو حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

جس کے بعد رومن پاول نے کنگ کا ساتھ نبھاتے ہوئے اسکور 102 تک پہنچایا لیکن ان کی اننگز صرف 4 رنز پر مشتمل تھی۔

برینڈن کنگ آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے، جنہوں نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی نصف سنچری بھی بنائی تاہم حارچ رؤف نے ان کی 67 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اوڈین اسمتھ نے بھی مزاحمت کی اور 6 گیندوں پر 12 رنز بنائے، محمد وسیم نے ان کی وکٹ حاصل کی، جس کے بعد ڈومینک بریکس صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میچ میں 9 رنز سے شکست کھاگئی۔

پاکستان نے دوسرے میچ میں 9 رنز سے کامیابی کےساتھ سیریز میں بھی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

Back to top button