بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

دورہ پاکستان پر آئی ویسٹ انڈیز کے تین کرکٹرز کورونا کا شکار

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے دورہ پاکستان میں شریک تین کرکٹرز اور ایک سپورٹ اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق تینوں کرکٹرز اس وقت آئسولیشن میں ہیں جبکہ اسکواڈ کا ایک نان کوچنگ ممبر بھی کورونا کا شکار ہوا ہے۔

کورونا کی تصدیق کے بعد روسٹن چیز، شیلڈون کوٹریل اور کائل مائرز پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کا کہنا ہے کہ چاروں افراد کے پاکستان آمد پر ٹیسٹ ہوئے تھے جو مثبت آئے، متاثرہ افراد میں کوئی علامات نہیں اور سب کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے جبکہ دیگر ارکان کے دو مرتبہ کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

متاثرہ تمام افراد اس وقت روم آئسولیشن میں ہیں اور 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے جس کے بعد ان کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوگا اور اس کے منفی آنے کی صورت میں انہیں آئسولیشن ختم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 13 دسمبر سے شروع ہوگی۔ دوسرا میچ 14 اور تیسرا میچ 16 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔

اس کے بعد 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز 18 دسمبر سے ہوگا، دوسرا میچ 20 اور آخری ایک روزہ میچ 22 دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

Back to top button