بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

بھارت میں کھلی جگہوں پر نماز ادا کرنے پر پابندی

بھارت میں مودی حکومت نے مسلم دشمنی کا ایک اور اقدام کرلیا۔

بھارتی ریاست ہریانا کے شہر گڑ گاؤں میں کھلی جگہوں پر نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس حوالے سے ہریانا کے وزیراعلیٰ منوہر لعل کھتر کا کہنا تھا کہ کھلی جگہوں پر نماز کی ادائیگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ مذہبی مقامات پر فرائض کی ادائیگی پر کوئی اعتراض نہیں لیکن مذہبی فرائض کی ادائیگی کیلئے کھلی جگہوں کا استعمال نا قابل قبول ہے، کھلی جگہوں پر نماز پڑھنے سے ہونے والی کشیدگی نہیں ہونی چاہیے۔

ریاستی وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ نمازکی جگہوں پر نماز پڑھیں یا اپنے گھروں پر نمازپڑھیں، معاملے کا حل فریقین کی باہمی رضامندی سے جلد نکال لیں گے۔

خیال رہے کہ گڑگاؤں میں کئی ہفتوں سے نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد کرنے پر ہندو مسلم کشیدگی جاری ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست ہریانہ میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی حکومت ہے اور وزیر اعلیٰ منوہر لعل کھتر کا تعلق بھی بی جے پی سے ہے۔

Back to top button