بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان اچانک منسوخی پر سابق کرکٹرز کا شدید ردعمل

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کے اعلان پر سابق کرکٹرز نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کی سیریز کا عین وقت پر ختم ہونا افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سکیورٹی سے متعلق کسی کو توقع نہیں تھی کہ یہ فیصلہ ہو گا، پاکستان کے حالات اچھے تھے، سمجھ سے باہر ہے کہ سکیورٹی کا مسئلہ کہاں سے آ گیا؟ دعا ہے سکیورٹی الرٹ صرف الرٹ ہی رہے، پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہیں۔

وقار یونس کا کہنا تھاکہ پاکستان ایک پرامن جگہ ہے جہاں کرکٹ محفوظ ہے۔

سابق کرکٹر عامر سہیل کا کہنا تھاکہ سکیورٹی کا بہانہ بناکر نیوزی لینڈ کا واپس جانا معمولی بات نہیں، ہمیں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈسے بات کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ چارٹرڈ طیارہ تو کل آئے گا یہاں منٹ منٹ میں چیزیں بدل جاتی ہیں۔

عامر سہیل نے مزید کہاکہ ہمیں آئی سی سی سے براہ راست اور دو ٹوک بات کرنی ہوگی۔

سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کا ردعمل میں کہنا تھاکہ ہم سیریز کیلئے پرجوش اور تیار تھے، سیریز کی منسوخی سے ہر کسی کو مایوسی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مجھے یقین ہے کہ ہماری حکومت نے کھلاڑیوں کیلئے بہترین حفاظتی اقدامات کیے تھے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان بھی نیوزی لینڈ کے فیصلے پر مایوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلئے بہت محنت کی تھی، پی ایس ایل اور دیگر ٹیموں کا پاکستان آنا ہماری سکیورٹی کا ثبوت ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا تھاکہ یہ سوچ کر میں اور زیادہ افسردہ ہو رہا ہوں کہ ہمارے فینز کتنے اپ سیٹ ہوں گے؟ دنیا سے میں یہی کہوں گا کہ ہمارا ملک کرکٹ کیلئے محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فینز سے یہی کہوں گا کہ ہم ان کی افسردگی کو خوشیوں میں بدلیں گے۔

خیال رہے کہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پھر یہ خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا ہے تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائی ہے۔

Back to top button