بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

کابل ایئرپورٹ کا کنٹرول طالبان نے سنبھال لیا

مرکزی گیٹ پر افغان طالبان تعینات کر دیئے گئے ہیں، ایئر پورٹ کے اندر بھی طالبان کے محافظ دستے موجود ہیں

طالبان نے مکمل امریکی انخلاء کے بعد کابل ایئر پورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا۔

کابل ایئر پورٹ کے مرکزی گیٹ پر افغان طالبان تعینات کر دیئے گئے ہیں، ایئر پورٹ کے اندر بھی طالبان کے محافظ دستے موجود ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کابل ایئر پورٹ پر اس وقت صرف چند کمرشل طیارے کھڑے ہیں، جبکہ فلائٹ آپریشن معطل ہے۔

کابل ایئر پورٹ پر طیاروں کے اترنے اور اڑان بھرنے کی رہنمائی کے لیے تربیت یافتہ عملہ نہیں ہے۔

کابل ایئر پورٹ جلد فنکشنل کرنے کے لیے افغان طالبان کے ترکی اور قطر سے تیکنیکی معاونت کے لیے مذاکرات بھی جاری ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی انخلاء کا آج آخری روز تھا، تمام امریکی فوج واپس چلی گئی، امریکا نے افغانستان سے مکمل انخلاء کی 31 اگست کی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی انخلاء مکمل کر لیا ہے۔

افغانستان سے امریکا کا آخری فوجی بھی نکل گیا، 20 سال بعد افغانستان سے امریکا کا قبضہ ختم ہو گیا۔

امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلاء مکمل ہونے کی تصدیق کر دی جس کے بعد طالبان نے کابل ایئر پورٹ کا مکمل کنٹرول بھی سنبھال لیا۔

افغانستان سے امریکا کے قبضے میں موجود آخری علاقہ بھی طالبان کے کنٹرول میں آ گیا، پورے افغانستان پر کنٹرول کی خوشی میں طالبان نے ہوائی فائرنگ کی۔

Back to top button