بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

محمد رضوان نے افغانستان کیخلاف سینئرز کے آرام کی وجہ بتا دی

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہماری شروعات اچھی نہیں ہوئی ہم بہت قریب جا کر ہارے ہیں ،محمد رضوان

نائب کپتان محمد رضوان نے افغانستان کے خلاف بعض کھلاڑیوں کے آرام کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔نائب کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہم مسلسل کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں، بائیو سکیور ببل میں حالات مشکل ہوتے ہیں یہ اتنا آسان نہیں ہوتا ہم مائنڈ کو ریسٹ دینا چاہتے ہیں اس لیے ہم نے آرام لینے کا کہا ہے۔محمد رضوان نے بتایا کہ اس وقت ہمارا سارا فوکس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر ہے افغانستان کے خلاف یہ ون ڈے میچز کی سیریز ہے اس لیے ہم کچھ کھلاڑیوں نے آرام لینے کے لیے کہا ہے ۔محمد رضوان نے کہا کہ ہم ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے تازہ دم ہو کر واپس آئیں گے، بائیو سکیور ببل میں رہنے کے لیے آرام ضروری ہے

اس کے بعد آئندہ سیزن میں بھی بیک ٹو بیک کرکٹ ہے، اب کرکٹ مسلسل ہو رہی ہے اور کھلاڑیوں کو مسلسل بائیو سکیور ببل میں رہنا پڑ رہا ہے۔وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ یہ درست ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہماری شروعات اچھی نہیں ہوئی ہم بہت قریب جا کر ہارے ہیں لیکن ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی، ایسے ٹیسٹ میچ تاریخ میں بہت کم ہوتے ہیں، امید ہے آگے ہم اچھا کھیلیں گے، ٹیسٹ میچ جیت کر ٹیسٹ سیریز برابر کریں گے اور ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اس مرتبہ اچھا کریں گے۔محمد رضوان نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ بیرون ملک سیریز میں فتح کے قریب جا کر ٹیسٹ ہمارے ہاتھ سے نکل جاتا ہے، ہماری فیلڈنگ کے کچھ ایشوز رہے ہیں انہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس طرح ہمارے ہاتھ سے ٹیسٹ میچز نہ جائیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ کھلاڑی پرفارمنسز دے رہے ہیں ایسا نہیں ہے کہ کھلاڑی پرفارم نہیں کر رہے ایسا بھی نہیں ہے کہ ہم نے200 رنز کیے ہیں تو دوسری ٹیم نے 400رنز کیے ہیں کچھ پچز ایسی ہوتی ہیں جہاں لو سکورنگ میچز ہوتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میری انفرادی کوشش بھی ہو گی کہ اب میں لمبی اننگز کھیلوں، دوسرا ہمیں کھلاڑیوں کو بیک کرنا ہے، اوپنرز ویسا نہیں کھیل سکے جیسی ان سے ڈیمانڈ تھی سب کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ خیال کیا جارہا تھا کہ افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا جائے گا۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان 3 سے 9 ستمبر تک طے شدہ3 میچوں کی ون ڈے سیریز کی میزبانی افغانستان نے کرنی ہے اور یہ سیریز سری لنکا میں شیڈول ہے ۔ افغانستان کے موجودہ حالات کے بعد دوطرفہ کرکٹ سیریز ہوگی یا نہیں، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا جس کاجواب دیتے ہوئے افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ملک میں حکومت کی تبدیلی سے سیریز متاثر نہیں ہوگی اور یہ شیڈول کے مطابق کھیلی جائے گی ۔

Back to top button