بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اسماعیل ہانیہ ایک بار پھر حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ منتخب

اسماعیل ہانیہ کو 2004 میں شہید کیے جانے والے حماس کے بانی رہنما شیخ احمد یاسین کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے

اسماعیل ہانیہ ایک بار پھر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ منتخب ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دوسری مدت کے لیے سیاسی ونگ کا سربراہ منتخب ہونے کے بعد غزہ پٹی پر اسرائیل کے خلاف مختلف محاذوں پر ڈٹ جانے والے اسماعیل ہانیہ کی حماس پر گرفت مزید مضبوط ہو گئی ہے۔

اسماعیل ہانیہ 2017 سے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ ہیں جو (غزہ، مغربی کنارے اور فلسطین کے دیگر علاقوں جہاں اسرائیل قابض ہے) تنظیم کے سیاسی امور کو دیکھتے ہیں۔

ایک فلسطینی عہدیدار نےمیڈیا کو بتایا کہ اسماعیل ہانیہ پارٹی انتخابات کے نتیجے میں اگلے 4 برسوں کے لیے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ مقرر ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ اسماعیل ہانیہ کو 2004 میں شہید کیے جانے والے حماس کے بانی رہنما شیخ احمد یاسین کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اسماعیل ہانیہ نے 2006 میں سیاست میں قدم رکھا اور فلسطین میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سابق صدر محمود عباس کی الفتح پارٹی کو شکست دیکر سب کو حیران کر دیا۔

جنوری 2006 میں اسماعیل ہانیہ فلسطین کے وزیراعظم بنے لیکن امریکا، اسرائیل اور یورپی یونین کی جانب سے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیئے جانے کے باعث عالمی برادری نے انہیں تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

پھر ایک طویل خانہ جنگی کے بعد حماس نے غزہ کی پٹی پر اپنی حکمرانی قائم کی جبکہ مغربی کنارے میں محمود عباس کی الفتح پارٹی نے اپنا اثر و رسوخ قائم کیا، اور 2007 سے ہی اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

Back to top button