بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ، ازبکستان کو براستہ افغانستان پاکستان سے جوڑے گا، شاہ محمود قریشی

پاکستان اس منصوبے کی فزیبلیٹی کے لیے ورلڈ بینک کے ساتھ پہلے سے رابطے میں ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ میں افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ویڈیو بیان جاری کیا گیا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم آج تاشقند میں وسطی و جنوبی ایشیائی رابطہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں، اگر ہمارے خطے نے معاشی و اقتصادی طور پر آگے بڑھنا ہے تو ربط ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل ازبکستان کے صدر اور وزیر خارجہ کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان اور میری ملاقات ہوئی، ملاقات میں خطے میں روابط کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ، ازبکستان کو براستہ افغانستان پاکستان سے جوڑے گا، اس حوالے سے بھی ہمارا تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ہم نے پورے روٹ کا جائزہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں مشکلات محض افغانستان کی صورتحال کے باعث پیش آ رہی ہے، اگر افغانستان کی صورتحال بہتر ہوئی تو ہم اس منصوبے پر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان اس منصوبے کی فزیبلیٹی کے لیے ورلڈ بینک کے ساتھ پہلے سے رابطے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری بندرگاہیں وسطی ایشیائی ممالک اور افغانستان کو سمندر تک رسائی کا مختصر ترین راستہ فراہم کرتی ہیں، ہماری بندرگاہوں سے ان ممالک کی تجارت کو فروغ ملے گا، اس طرح خطے میں گوادر پورٹ اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن سکتا ہے۔

Back to top button