بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی چوتھی بار فائنل تک پہنچنے والی پہلی ٹیم

پشاور زلمی نے 175 رنز کا مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 19 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ حضرت اللہ ززئی اور جوناتھن ویلز، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں

پشاور زلمی کی ٹیم چوتھی مرتبہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔ فاتح ٹیم نے دوسرے ایلیمنٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ وہاب ریاض کی زیرقیادت ٹیم 24 جون کو ایونٹ کے فائنل میں ملتان سلطانز کے مدمقابل آئے گی۔

پشاور زلمی نے 175 رنز کا مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 19 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ حضرت اللہ ززئی اور جوناتھن ویلز، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر حضرت اللہ ززئی پلیئر آف دی میچ قرار پائے گئے۔

15 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد حضرت اللہ ززئی نے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 44 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ جوناتھن ویلز نے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لیے 126 رنز کی شراکت قائم کی۔

شعیب ملک بھی 10 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی نے 175 رنز کا مطلوبہ ہدف 16.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد وسیم اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو اسلام یونائٹیڈ نے حسن علی کی برق رفتار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔

محض 15 رنز پر ابتدائی 2 وکٹیں گنوانے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن اپ دباؤ کا شکار ہوگئی۔ اننگز کے پہلے ہی اوور میں انہیں ان فارم بیٹسمین عثمان خواجہ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ وہ صرف ایک رن بنا کر شعیب ملک کی گیند پر رن آؤٹ ہوگئے۔

یونائیٹڈکے دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین محمد اخلاق تھے، وہ صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایسے میں کیوی کرکٹر کولن منرو نے برینڈن کنگ کے ہمراہ 56 رنز کی شراکت قائم کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم وہ 44 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 29 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔

جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کا مڈل آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا اور ان کی اگلی 6 وکٹیں ٹیم کے مجموعے میں صرف 39 رنز کا ہی اضافہ کرسکیں۔ برینڈن کنگ 18، افتخار احمد 10، کپتان شاداب خان 15، آصف علی 8 اور فہیم اشرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یہ وہ موقع تھا کہ جب 110 کے مجموعی اسکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے 8 کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے۔ اس موق پر حسن علی اور محمد وسیم جونیئر نے نویں وکٹ کی شراکت میں 62 قیمتی رنز کا اضافہ کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کا مجموعہ 170 کے پار پہنچادیا۔

حسن علی نے 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت 45 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ محمد وسیم جونیئر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور عمید آصف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عرفان سینئر، عماد بٹ اور محمد عمران نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ کا فائنل 24 جون بروز جمعرات کو ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا۔

Back to top button