بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازوں کی عالمی درجہ،بابر اعظم ٹاپ ٹین سے باہر

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاپ سکورر بننے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ پلیئر کی درجہ بندی میں ٹاپ 10 میں واپسی کرلی

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست سے باہر ہوگئے ہیں ۔ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاپ سکورر بننے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ پلیئر کی درجہ بندی میں ٹاپ 10 میں واپسی کرلی ہے۔ ڈی کوک نے پہلی اننگز میں 96 رنز بنا کر 2 درجے ترقی کے ساتھ 10 ویں پوزیشن اپنے نام کی ،وہ 18 ماہ میں پہلی بار ٹاپ 10 میں واپس آئے ہیں۔

28 سالہ وکٹ کیپر بلے باز کے کیریئر کی بہترین ریکنگ چھٹی تھی اور وہ آخری مرتبہ دسمبر 2019 میں ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوئے تھے۔ ٹیسٹ کپتان بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 11ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ پروٹیز کپتان ڈین ایلگر 77 رنز سکور کرکے ایک درجے ترقی کے بعد 19 ویں نمبر پر پہنچے ہیں جب کہ راسی وین ڈر ڈسن ناقابل شکست 75 رنز بنا کر 31 درجے ترقی کے بعد 43 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔


بالرز میں کگیسو ربادا میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ایک پوزیشن ترقی پاکر چھٹے نمبر پر ہیں جب کہ دوسری اننگ کے دوران 61 سال میں جنوبی افریقہ کی پہلی ٹیسٹ ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والے سپنر کیشیو مہاراج نے میچ میں 7 وکٹیں لیکر3 درجے ترقی کرتے ہوئے 28 ویں نمبر پر قبضہ جما لیا ہے۔ لونگی اینگیڈی 3 درجے ترقی پاکر 41 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں

ویسٹ انڈیز کے بلے باز جرمین بلیک ووڈ 49 اور 25 کے سکور کے بعد 12 درجے ترقی کرکے 44 ویں نمبر پر ہیں جبکہ شائی ہوپ (85 ویں سے 82 ویں پوزیشن )، کیرن پاول (100 ویں سے 94 ویں پوزیشن) بھی ترقی پانے والوں میں شامل ہیں ۔ فاسٹ بالر کیمار روچ کی سات وکٹیں انہیں 13ویں سے 12 ویں پوزیشن پر لے آئی ہیں جب کہ کائل مائرز کی ہر اننگز میں تین وکٹوں نے انہیں51 درجے ترقی کے بعد مشترکہ طور پر 53 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔

Back to top button