بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کا دورہ کریگی

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ کیریبئن میں3 ٹی ٹونٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچزشامل ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم آئندہ ہفتے ویسٹ انڈیز کا دورہ کریں گی۔ یہ دونوں ٹیمیں وہاں محدود طرز کی کرکٹ پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔ دونوں ٹیمیں 23 جون کو لاہور سے انٹیگا روانہ ہوں گی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ کیریبئن میں3 ٹی ٹونٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچزشامل ہیں۔ اس دوران دونوں ممالک کی خواتین اے کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

یہ تمام میچز بھی انٹیگا میں ہی کھیلے جائیں گے۔اس دورے کی منفرد بات یہ ہے کہ قومی مینز کرکٹ ٹیم بھی میزبان ٹیم کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کی غرض سے 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ رینکنگ میں بالترتیب ساتویں اورچھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔اس سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز میں 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ وہاں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2010 اور 2018میں بھی شرکت کرچکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین آخری دوطرفہ سیریز 2019 میں کھیلی گئی تھی، جہاں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز پاکستان نے جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز ویسٹ انڈیز نے جیتی تھی۔ان دونوں ٹیموں کے مابین آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ2020 میں کھیلا گیا، جو پاکستان نے جیتا تھا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیموں، خصوصاً قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز سے ملک میں خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا، ان ٹیموں میں انہی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو گزشتہ چند ماہ سے قومی خواتین کرکٹ کے پول کا حصہ ہیں۔کوویڈ 19 کی عالمی وبا کے دوران قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کایہ کسی بھی ملک کا پہلا دورہ ہے۔

Back to top button