بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

آپ پی ایس ایل کا آئی پی ایل سے موازنہ کر ہی نہیں سکتے ،وہاب ریاض

میرے خیال میں انڈین لیگ ایک مختلف لیول پر ہے جس کا سب کچھ مختلف ہے

قومی ٹیم سے نظر انداز فاسٹ بولر وہاب ریاض نے آئی پی ایل کو پی ایس ایل سے بہتر قرار دے دیا۔ ایک انٹرویو میں 35 سالہ وہاب ریاض نے کہا کہ آئی پی ایل ایسی لیگ ہے جس میں دنیا کے تمام ٹاپ انٹرنیشنل کرکٹرز شرکت کرتے ہیں، آپ پی ایس ایل کا آئی پی ایل سے موازنہ کر ہی نہیں سکتے ہیں ، میرے خیال میں انڈین لیگ ایک مختلف لیول پر ہے جس کا سب کچھ مختلف ہے، میرے خیال میں دنیا کی کوئی بھی لیگ آئی پی ایل کا مقابلہ نہیں کرسکتی ہے لیکن اگر کوئی اس کے پیچھے کھڑی ہے تو وہ پی ایس ایل ہے جو کہ پاکستان میں اپنی اہمیت منوا چکی ہے۔

قومی ٹیم کے چیلنجز کے حوالے سے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ زمبابوے میں ہمارے لڑکوں نے اچھی کارکردگی دکھائی جس کا کریڈٹ انہیں دینا چاہیے تاہم انگلینڈ کے خلاف سیریز قومی ٹیم کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگی، اس سیریز سے ہمیں اندازہ ہوپائے گا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے ہمارا کمبی نیشن کتنا اچھا ہے، میرے خیال میں سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرکے اس کمبی نیشن کو مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے۔

وہاب ریاض نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، انھوں نے کہا کہ نئی ڈرافٹنگ کے بعد بھی پشاور زلمی کا کمبی نیشن بہتر اور اگر میچز مکمل ہوتے ہیں تو زلمی کی ٹیم ایک بار پھر فائنل کھیلنے میں ضرور کامیاب ہوگی، کوچ ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے لیے بگ برادر کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی موجودگی میں پشاور زلمی کی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول بہت زبردست رہتا ہے، وہ ہر ایک کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں اور اپنی اسی خوبی کی مدد سے انھوں نے سب کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے۔ وہاب ریاض نے ورلڈ کپ 2023ء تک کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم سے باہر ضرور ہیں لیکن اپنی محنت جاری رکھے ہوئے ہیں، امید ہے کہ ایک بار ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔

Back to top button