بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

حارث رئوف کیلئے عالمی کپ 2023 ڈرائونا خواب، مہنگے ترین بائولر ثابت ہوئے

قومی ٹیم کے ساتھ ساتھ فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے لیے عالمی کپ ڈراؤنا خواب ثابت ہوا اور کئی میچوں میں وہ بری طرح ناکامی سے دوچار ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی مہنگے بھی ثابت ہوئے۔نیدرلینڈز اور بنگلہ دیش جیسے کمزور حریفوں کے خلاف تو حارث نے اچھی باؤلنگ کی لیکن بڑی ٹیموں کے خلاف بالکل بے ضرور نظر آئے بالخصوص ابتدائی اوورز میں تمام ہی ٹیموں نے فاسٹ باؤلر کی خوب خبر لی۔

افغانستان جیسے حریف کے خلاف بھی حارث کوئی وکٹ نہ لے سکے جبکہ بھارتی باؤلنگ کے خلاف بھی ان کے باؤلنگ میں کوئی کاٹ نظر نہ آئی۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے بلے بازوں نے حارث کی درگت بنائی اور پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ٹیم نے حارث کے خلاف 83 جبکہ کیویز نے ان کے خلاف 85 رنز بنائے۔

مجموعی طور پر حارث نے اس ورلڈ کپ کے 11 میچوں میں 16 وکٹیں لیں لیکن اس کے عوض 533 رنز دیے اور اس طرح ورلڈ کپ کی تاریخ کے مہنگے ترین باؤلر بن گئے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کے اسپنر عادل رشید کے پاس تھا جنہوں نے 2019 ورلڈ کپ کے 11 میچوں میں 526 رنز دیے تھے اور 11 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

حارث کے باؤلنگ پارٹنر شاہین شاہ آفریدی بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اور انہوں نے بھی اس ورلڈ کپ کے 9 میچوں میں 481 رنز دیے لیکن ساتھ ساتھ 18 وکٹیں بھی حاصل کیں۔حارث اور شاہین سے قبل ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے مہنگے باؤلر وہاب ریاض ثابت ہوئے تھے جنہوں نے 2019 ورلڈ کپ کے 8 میچوں میں 400 رنز دیے تھے۔

مزید پڑھیے  شان مسعود 3 رنز کے فرق سے عالمی ریکارڈ قائم نہ کرسکے
Back to top button