بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

رحمت اللعالمینﷺ سکالر شپ کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں

پنجاب حکومت نے طلبہ کے لیے رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں ، ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹر میڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ادا کیے جائیں گے ، پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں ، انٹر میڈیٹ کے طلبہ کو اسکالر شپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دی جائے گی ، جب کہ انڈرگریجویٹ طالب علموں کو رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ طلبہ کو 14 ہزار انٹر میڈیٹ اسکالر شپس اور 891 انڈر گریجویٹ اسکالر شپس ملیں گی ، 50 فی صد رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ ضرورت مند بچوں کو دی جائیں گی ، جب کہ 50 فی صد میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو ملیں گی جب کہ اسکالر شپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے بچوں کو بھی دی جائے گی ، ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹر میڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ادا کیے جائیں گے اور مجموعی طور پر انٹرمیڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ہر سال 700 ملین روپے ادا کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ کسی خاص مذہب یا طبقے کے لیے نہیں ہے ، اس کا مقصد طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے تاکہ مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی تفاوت کم ہو اس لیے اس سے ہر ہونہار اور ضرورت مند طالب علم مستفید ہو سکے گا ، جس کے لیے 30 سرکاری یونی ورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دی جائیں گی ، اس سلسلے میں حکومت پنجاب ہر یونی ورسٹی کے ٹاپر کے پورے اکیڈمک سیشن کی فیس ادا کرے گی ، انڈر گریجویٹ اسکالر شپ میں مکمل اکیڈمک سیشن کی فل ٹیوشن فیس بھی شامل ہوگی ، جس کے لیےہر سال 6 کروڑ 70 لاکھ روپے جب کہ مجموعی طور پر 26 کروڑ 80 لاکھ روپے اسکالر شپس کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔

Back to top button