
احسن اقبال کا چینی منڈی کی وسیع تجارتی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان کی برآمدات میں اضافے اور سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی تیز کرنے کے لیے چینی منڈی کی وسیع تجارتی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور دیا ہے۔
اس سلسلے میں احسن اقبال نے چین کے نائب وزیر تجارت یان ڈونگ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی برآمدات بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کی سالانہ درآمدات کا حجم تقریباً 3 ہزار ارب ڈالر ہے، جبکہ پاکستان کی چین کو برآمدات اس وقت تقریباً 3 ارب ڈالر ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ چین کی مجموعی درآمدات میں پاکستان کا حصہ محض 0.1 فیصد ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کے لیے چینی منڈی میں ترقی اور برآمدات بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ملاقات میں سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز میں برآمدات پر مبنی صنعتوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستانی کاروباری وفود کو چین میں تجارتی نمائشوں اور کاروباری ملاقاتوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک 2.0 اور ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت حکومت کا مقصد صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، برآمدات میں اضافہ کرنا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنا کر پاکستان صنعتی ترقی اور عالمی منڈیوں میں اپنی برآمدات کا حصہ بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔















