بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عطاء اللہ تارڑ کی پنجابی زبان کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پنجابی زبان کے فروغ اور ترویج کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

لاہور میں منعقدہ چوتھی بین الاقوامی پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجابی ہماری مادری زبان اور شناخت کا لازمی حصہ ہے، اس کے فروغ کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجابی ثقافت محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔ پنجابی زبان و ثقافت کے تحفظ اور ترویج کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی وژن اور وزارت اطلاعات کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پنجابی زبان کی خدمت اور فروغ کے لیے دستیاب ہیں۔

وفاقی وزیر نے پنجاب کے حقیقی ہیروز کی شناخت اور ان کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی زبان کو نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی، جبکہ نجی اسکولوں میں بھی پنجابی زبان کے فروغ کے لیے اقدامات متعارف کرانا ضروری ہے۔

ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ اس ادارے میں مختلف زبانوں کے لیے الگ الگ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجابی زبان کے لیے ’’سانجھ‘‘ (Saanjh) کے نام سے ایک خصوصی چینل بھی شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد پنجابی زبان اور ثقافت کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button