
قومی
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کا علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے یورپ میں ہونے والے آئندہ R4 اور R4+E4 اجلاسوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امور پر باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے اور امن و استحکام کے لیے کوششیں آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
مصری وزیر خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دورۂ قاہرہ کی دعوت کا اعادہ کیا، جس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت کا مثبت جواب دیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔















