
پاک فضائیہ کے سربراہ کی ازبکستان کی اعلیٰ دفاعی قیادت سے اہم ملاقاتیں
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورہ ازبکستان کے دوران ازبک دفاعی قیادت سے اعلیٰ سطح کی اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
ازبکستان کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بوتر قدردودخودجایف بہرامووچ سے ملاقات میں علاقائی سلامتی، دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ازبک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی استعداد کو سراہا۔
بعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ازبکستان کے نائب وزیر دفاع اور کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس میجر جنرل برخانوف احمد جمالووچ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں، منظم پیشہ ورانہ تبادلوں اور استعداد کار میں اضافے کے ذریعے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر ایئر چیف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
دونوں جانب سے اپنی مہارت اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آپریشنل تیاریوں اور جدید ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔















