
پاکستان اور کویت کا اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور کویت نے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
اس حوالے سے اتفاقِ رائے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور کویت کے وزیراعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے منصوبوں اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے توانائی کے شعبے میں پانچ دہائیوں سے جاری شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے ایندھن کی فراہمی، آئل ریفائننگ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کریں گے، جس کا مقصد پاکستان کے توانائی کے شعبے کی ترقی اور ضروریات کو پورا کرنے میں تعاون فراہم کرنا ہے۔















