بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان 35 بائی 35 عالمی بجلی فراہمی کے عزم کی مکمل حمایت کرتا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 35 بائی 35 عالمی بجلی فراہمی کے عزم (Global Electrification Pledge) کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے یہ ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ’’کلین انرجی ٹرانزیشن بائی 2035: پاورنگ دی فیوچر‘‘ کے عنوان سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دو برسوں کے دوران توانائی کے شعبے میں غیر معمولی تبدیلی کی ہے۔ صرف دو سال میں تقریباً 22 گیگاواٹ روف ٹاپ سولر بجلی کی صلاحیت شامل کی گئی، جو عام شہریوں کی سستی بجلی اور صاف توانائی کے حصول کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا، جو قومی گرڈ میں 1200 میگاواٹ صاف بجلی شامل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے توانائی کے مجموعی مکس میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی تبدیلی لائی جا رہی ہے اور حکومت کی نئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں کی فروخت میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی تمام بسیں اور موٹر سائیکلیں الیکٹرک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی موٹر سائیکلوں میں پہلی مرتبہ 10 فیصد سے زیادہ الیکٹرک موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صاف توانائی کی جانب اس پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے مناسب مالی وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔ بجلی کے ترسیلی نظام کو تیزی سے وسعت دینے، توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کو ہر شہری کے لیے قابلِ رسائی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کے بوجھ تلے دبے ممالک کے لیے ان اہداف کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کو 2035 تک کم کاربن والی بجلی کی پیداوار کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر جبکہ کوئلے سے شمسی توانائی کی جانب منتقلی کے لیے مزید 50 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 35 بائی 35 کا ہدف اسی صورت حاصل کیا جا سکتا ہے جب عالمی عزائم کے مطابق مالی معاونت، آسان شرائط پر سرمایہ اور کم لاگت ٹیکنالوجی کی منتقلی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے اجتماعی عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معیشتوں کو اس طرح توانائی فراہم کرنا ہوگی کہ عوام غربت کا شکار نہ ہوں اور گھروں کو اس انداز میں روشن کیا جائے کہ ماحول اور کرہ ارض کو نقصان نہ پہنچے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button