
گورنر خیبرپختونخوا کا صوبہ میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی سے متعلق تمام لیز معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے یہ اعلان آج پشاور میں مشیر برائے معدنیات ڈاکٹر سرفراز علی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ماضی میں صوبے میں ہونے والی غیر قانونی کان کنی سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا، جبکہ ماحولیات بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کو آئندہ قانونی طریقہ کار کے تحت استعمال میں لایا جائے گا۔
گورنر نے انکشاف کیا کہ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدن کا تقریباً 80 فیصد حصہ افغانستان منتقل ہو رہا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک خوارجی کمانڈر مقامی افراد سے 8 لاکھ روپے جبکہ غیر مقامی کان کنوں سے 40 لاکھ روپے تک بھتہ وصول کرتا تھا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ صوبے کے معدنی وسائل کے تحفظ اور ان کے قانونی استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔















