
وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات کو مستقبل پر مبنی مضبوط شراکت داری میں بدلنے کا عزم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور فن لینڈ کے دوطرفہ تعلقات کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ جامع شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جس میں تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، ہنرمندی، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور عوامی روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 کانفرنس کے موقع پر فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں نوکیا، وارٹسلا، میٹو اور ویسالا سمیت فن لینڈ کی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کیا۔
شہباز شریف نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ٹیلی کمیونیکیشن، جدید صنعتی پیداوار، صاف ٹیکنالوجی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیراعظم نے سیلاب کی پیش گوئی، آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی زراعت، گلیشیئرز کی نگرانی اور قدرتی آفات سے قبل بروقت خبردار کرنے کے نظام میں فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات میں پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات کے خطرات میں کمی اور ماحولیاتی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مذاکرات، ثالثی اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے یوکرین اور مغربی ایشیا کے تنازعات کے پائیدار اور پُرامن حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
فن لینڈ کے صدر نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات اور ثالثی میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مسلسل رابطوں اور عملی اقدامات کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الیگزینڈر اسٹب کو باہمی سہولت کے مطابق سرکاری دورے پر پاکستان آنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔















