بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 16 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں اور فائرنگ کے تبادلے میں افغان باشندوں سمیت 16 خوارج ہلاک جبکہ پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں علی خیل، میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر متعدد مقامات پر کارروائیاں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں علی خیل کے علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو افغان باشندوں سمیت 12 خوارج ہلاک کیے گئے، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں دو، دو خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مادر وطن کے دو بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی ساکن ضلع صوابی اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی ساکن ضلع مردان شامل ہیں، جنہوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان وطن پر قربان کر دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔

بیان کے مطابق پاک فوج کے جوانوں کی یہ عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button