
حکومت کان کنی کے مقامات کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، علی پرویز ملک
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت معدنیات کی تلاش اور کان کنی کے مقامات، لاجسٹکس اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے تحفظ اور سکیورٹی کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت رکھنے والی معدنیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوششیں عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کی حامل معدنیات پر مرکوز ہیں، جنہیں جدید جیوکیمیکل اور جیو فزیکل سرویز کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل میپنگ، فضائی سرویز اور معدنیات کی جانچ کے شعبوں میں مہارت کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ پاکستان کے معدنی شعبے کی سائنسی بنیاد مضبوط بنانے کے لیے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی استعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہر کمپنی کو خصوصی انتظامات کے بغیر یکساں مالیاتی اور ٹیکس شرائط میسر ہوں۔ سرمایہ کاروں، صوبوں اور وفاقی حکومت کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصفانہ اور پُرکشش شرائط پیش کرنا حکومت کا مقصد ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ کان کنی کے مقامات، نقل و حمل کے نظام اور بالخصوص تربیت یافتہ افرادی قوت کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کان کنی کے منصوبوں کو سازگار ماحول میں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے سکیورٹی کے موجودہ نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بلوچستان کے اضلاع چاغی اور خضدار میں معدنیات کی تلاش کے لیے حال ہی میں جاری کیے گئے لائسنسوں کا بھی ذکر کیا۔
اس موقع پر بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان، بیرک مائننگ، مقامی آبادی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے درمیان ایک شراکت داری ہے، جس کا مقصد دنیا کے بڑے معدنی ذخائر میں سے ایک کو بروئے کار لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت مستقبل بین پالیسیوں اور عالمی شراکت داریوں کے ذریعے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ بیرک مائننگ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔















