
پاکستان کی لسٹڈ کمپنیوں کے منافع میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ
پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنیوں کے منافع میں رواں کیلنڈر سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 2023ء کے بعد کسی بھی سال کے پہلے 9 ماہ میں منافع کی بلند ترین شرح نمو ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملکی کارپوریٹ سیکٹر کی آمدنی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ بجٹ میں کاروباری اداروں اور برآمد کنندگان کے لیے ہدفی ٹیکس ریلیف، معاشی استحکام میں بہتری، مالیاتی دباؤ میں کمی اور مالیاتی، توانائی اور کاروباری شعبوں میں جاری اصلاحات نے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے اگلے مرحلے میں کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے منافع کو پیداواری سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، روزگار کے نئے مواقع اور نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی نمو میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔















