
وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات اور موسمیاتی چیلنجز پر گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری کوپ 31 (COP31) سربراہی اجلاس کے موقع پر متعدد عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ہم منصب طارق رحمان، سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقاتیں کیں۔
شہباز شریف نے فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ سے بھی ملاقات کی اور حکومت و عوام پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر فلسطینی وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے خلاف مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور فلسطینی کاز کی حمایت پر حکومت اور عوام پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کی ملاقاتوں میں ترکیہ کی خاتون اول ایمنے اردوان، شام کے صدر احمد الشرع، سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل بن احمد الجبیر اور عالمی بینک کے صدر اجے بنگا بھی شامل تھے۔
ملاقاتیں خوشگوار ماحول میں ہوئیں، جن میں باہمی تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کو درپیش مسائل عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔















