
وزیراعظم کی ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت، کیش لیس معیشت کے فروغ کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی دستیابی اور عوام کو ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کیش لیس معیشت کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں 100 فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے واضح روڈ میپ، مقررہ مدت اور اہداف پیش کیے جائیں۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو درپیش مسائل فوری حل کرنے اور پورے ملک میں انٹرنیٹ کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے وزارت خزانہ اور متعلقہ سرکاری اداروں کی جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم نے صارفین اور تاجروں کے درمیان ڈیجیٹل لین دین کے فروغ کے لیے حکومتی سرپرستی میں راست کیو آر کوڈ سسٹم جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بجلی اور گیس کے صارفین کو بلوں پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کی ترغیب دینے کے لیے مؤثر میڈیا مہم چلانے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں کو کیش لیس معیشت کے منصوبے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ رواں سال دسمبر تک بیشتر ادارے یہ عمل مکمل کر لیں گے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 100 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان علاقوں کے لیے جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں، جبکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے تحت چیک کے ذریعے ادائیگیاں رواں ماہ 15 تاریخ سے بند کر دی جائیں گی، جبکہ 16 تاریخ سے ان اکاؤنٹس کے تحت ملک بھر میں تمام ادائیگیاں راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کی تربیت بھی مکمل کر لی گئی ہے۔















