بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور کویت کا مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور کویت نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی تعاون اور عوامی سطح پر روابط سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے وزیراعظم احمد عبداللہ الاحمد الصباح کے درمیان ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس (COP31) کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال، خصوصاً خطے میں امن و سلامتی کے چیلنجز، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور پائیدار ترقی کے لیے عالمی تعاون کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کی جانب سے دفاعی تعاون کے معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

ملاقات میں اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور کویت اپنے بہترین برادرانہ تعلقات کو حقیقی معنوں میں کاروباری اور اقتصادی روابط میں بھی تبدیل کرنے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کریں گے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی خوشحالی، علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button