
قومی
پاکستان کا سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار سے سوڈان کے وزیر داخلہ بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے برادرانہ روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان کی حمایت اور سوڈان کے ساتھ مسلسل یکجہتی پر اظہارِ تشکر کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔















