
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مقامی ویکسین کی تیاری میں اہم پیش رفت
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لائیو اسٹاک کے شعبے میں تکنیکی تعاون اور مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ترکیہ کی تکنیکی معاونت سے پاکستان میں منہ کھر کی بیماری (Foot-and-Mouth Disease) سے بچاؤ کی ویکسین مقامی طور پر تیار کی جائے گی۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی، مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری اور تکنیکی تربیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مجوزہ پروگرام کے تحت 100 افراد کو تربیت دینے کا منصوبہ ہے، جس کے پہلے مرحلے میں 30 پاکستانیوں کو تربیت کے لیے ترکیہ بھیجا جائے گا۔
اس تعاون کا مقصد پاکستان میں جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسین کی مقامی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔















