بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

انڈر 19 ایشیا کپ، عثمان خان کی ناقابلِ شکست سنچری، پاکستان انڈر 19 نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

عثمان خان کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے افتتاحی گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دفاعی چیمپئن پاکستان نے 225 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 37.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔ عثمان خان نے 120 گیندوں پر ناقابلِ شکست 139 رنز بنائے، جس میں 21 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے اپنی سنچری 98 گیندوں پر مکمل کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان خان اور جہانگیر بلال نے پہلی وکٹ کے لیے 153 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ جہانگیر بلال نے 87 گیندوں پر 60 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے شامل تھے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد عثمان خان نے عبدالقادر کے ساتھ ناقابلِ شکست 72 رنز کی شراکت قائم کی۔ عبدالقادر نے 19 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔

اس سے قبل یو اے ای انڈر 19 کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز کی آخری گیند پر 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نوراللہ ایوبی نے 55 گیندوں پر 70 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، جبکہ یایِن کرن رائے نے 47 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد سامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا، حسنین عباس ڈار اور رضوان اللہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم اب اتوار 8 نومبر کو اپنے روایتی حریف بھارت انڈر 19 کے خلاف میدان میں اترے گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button