
پیر عبدالصمد انقلابی کا ستمبر 1965 کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ و مجاہد ملت اور اسیرِزندان پیر عبدالصمد انقلابی نے ستمبر 1965 کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ستمبر 1965 کے شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں”۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ ستمبر 1965 کی جنگ میں پاک افواج اور غیور عوام نے دفاعِ وطن کے لیے بے مثال شجاعت و دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے جارحانہ عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
سینئر حریت رہنما و مجاہد ملت اور اسیرزندان پیر عبدالصمد انقلابی کا کہنا کہ شُہداء کا پاکیزہ لہو نہ صرف پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے، بلکہ یہ مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے بھی ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور تحریکِ آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ایک عظیم ترغیب اور طاقت کا سرچشمہ ہے۔
مجاہد ملت اور اسیرِزندان پیر عبدالصمد انقلابی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی امین ہے اور وطن کی خود مختاری پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔













