
جموں و کشمیر
مظفرآباد میں بھارتی وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ میں تقریر کے خلاف احتجاج
بھارتی وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کا اہتمام پاسبانِ حریت جموں و کشمیر نے کیا۔ شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں جبکہ بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے عالمی برادری کو گمراہ نہیں کر سکتا اور نہ ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔
مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کیا جائے۔














